باپ سے زیادہ محبت کیوں؟ ماں نے اپنی ہی لخت جگر کو مار ڈالا

ماں جیسا انمول رشتہ دنیا میں اور کوئی نہیں۔جس قدر پیار اور تحفظ ماں کی گود سے ملتا ہے اتنا دنیا کے کسی بھی کونے میں میسر نہیں۔جبکہ بچے اپنی ماں کے لیے اس قدر پیارے ہوتے ہیں کہ کوئی بھی ماں اپنے بچوں پر جان بھی نچھاور کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی جبکہ دنیا میں ایک ماں ایسی بھی ہے جس نے اپنی معصوم سی بچی کا گلا گھونٹ کر اسے مار ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں سنگدل ماں نے ٹی وی دیکھنے کے معاملے پر باپ کی حمایت کرنے پر اپنی 3 سالہ بیٹی کو جان سے مار دیا۔بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بینگالورو میں 26 سالہ سنگدل ماں نے شوہر کے ساتھ معمولی جھگڑے کے دوران اپنی 3 سالہ بیٹی کو جان سے ماردیا جب کہ پولیس نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے سدھا کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سدھا اور اس کے شوہر کے درمیان ٹی وی پر پروگرام دیکھنے کے حوالے سے معمولی جھگڑا ہوا تھا اس دوران ان کی 3 سالہ بیٹی نے اپنے باپ کی حمایت کی تو ماں کو شدید غصہ آیا اور اگلے دن جب اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا تو اس نے اپنی بیٹی کو گلا گھونٹ کر ماردیا۔

کہانی میں دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب سدھا اپنے شوہر کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچی اور اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں 26 سالہ سدھا نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ ایک اسٹور پر گئی تھی اور جب وہ بل دینے لائن میں لگی تو پیچھے اس کی بیٹی موجود نہیں تھی۔پولیس کے مطابق انہوں نے واقعے کی تفتیش شروع کی تو انہیں سدھا کے بیان پر شک ہوا جس پر انہوں نے اس سے مزید سوالات کیے اور آخر کار اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہاکہ میری بیٹی مجھ سے زیادہ اپنے باپ کی طرف داری کرتی تھی اور اسے زیادہ پسند کرتی تھی اس لیے میں نے اسے مار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے