سرگودھا میں زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کر دی گئی

سرگودھا میں زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کر دی گئی، بیٹا پیدا نہ ہونے پر ظالم شخص نے فائرنگ کر کے اپنی 3 معصوم بچیوں کو قتل کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ظالم شخص کے اقدام نے ہر شخص کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ بتایا گیا ہے کہ بیٹا پیدا نہ ہونے پر بیوی سے ہونے والے جھگڑے کے بعد 3 معصوم بچیاں باپ کے ہاتھوں قتل کر دی گئی۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرگودھا ریجن کے قصبہ داؤد خیل کے علاقہ محلہ شریف خیل میں نادر خان نامی شخص اپنی بیوی مہتاب فاطمہ کو بیٹا پیدا نہ کرنے پر اکثر لعن طعن کرتا تھا۔ اس معاملے پر دونوں میا بیوی کے درمیان ہر وقت جھگڑا رہتا تھا۔ بچیوں کے قتل والے دن بھی دونوں میاں بیوی کے درمیان بیٹا پیدا نہ ہونے پر جھگڑا ہوا جس کے بعد نادر خان نامی ملزم نے فائرنگ کر کے گھر کے اندر کھیل کھود میں مصروف اپنی تینوں بچیوں کو قتل کر ڈالا۔ 13 ماہ کی عائشہ فاطمہ، 3 سالہ علیشاء فاطمہ اور 2 سالہ ارفع فاطمہ باپ کی گولیوں کا نشانہ بن گئیں۔ فائرنگ کے باعث 2 بچیاں علشیاء فاطمہ، عائشہ فاطمہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ ارفع فاطمہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ بچیوں کی موت کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے پوسٹمارٹم کے بعد میتیں بچیوں کے نانا کے سپرد کر دیں۔ جبکہ دوسری جانب پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپنی ہی بچیوں کے قاتل ملزم نادر خان کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے سسر کی مدعیت میں مقدمہ قتل درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق جلد تفتیش کے بعد ملزم کو چالان سمیت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے