کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ، مزید 135 اموات ہو گئیں

کورونا کی تیسری لہر کے وار تاحال جاری ہیں جس کی وجہ سے کورونا کی تیسری لہر کافی خطرناک ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 135 افراد دم توڑ گئے جبکہ کورونا کے مزید 2 ہزار 566 مریض سامنے آ گئے۔ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 82 ہزار 928 ہو گئی جن میں سے ایکٹو کیسز 67 ہزار 665 ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 801 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 566 مثبت آئے۔
4 ہزار 361 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ چھ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار500افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 824، خیبرپختونخوا 3 ہزار804، اسلام آباد 733، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 267 اور آزاد کشمیر میں 517 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ جبکہ تیس سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 16 کروڑ42 لاکھ 75ہزار سے زائد افراد متاثر اور 34 لاکھ4 ہزار 322 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 14 کروڑ 29 لاکھ 94 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ78لاکھ 76 ہزار سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019ء کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020ء کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے جب کہ آخری پانچ کروڑ کیسز صرف اناسی روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020ء کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے جس کے بعد کورونا کی تیسری لہر آئی جس نے تباہی مچا دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے