پہلا ٹی20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان تین رنز سے فتح یاب


تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد تین رنز سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان نے پروٹیز کو 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پروٹیز کی طرف سے جینیمن ملان اور ریضا ہنڈرکس نے اننگز کا دھویں دار آغاز کیا لیکن ملان 44 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد جیکس سنمن بھی عثمان قادر کی گوگلی کا نشانہ بنے اور بولڈ ہو گئے۔
تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملر بھی پاکستانی بالرز کے آگے چل نہ سکے اور صرف چھ رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ہینرک کلاسن بھی 12 رنز ہی بنا پائے، انہیں حارث روف نے آؤٹ کیا۔ جبکہ ہنڈرکس 54 رنز بنا کر رضوان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔
فیلوکواو بھی 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم ڈوین پریٹوریس اور فورٹون نے اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کی آخری حد تک کوشش کی لیکن فہیم اشرف نے آخری اوور میں 19 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

پاکستان کی طرف سے عثمان قادر اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی طرف سے محمد رضوان نے شاندار سنچری سکور کی اور 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
وہ برینڈن میکولم کے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے اور پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ہیں۔
جبکہ اس میچ میں بھی پاکستانی اوپنرز کی ناکامی کا سلسلہ جاری رہا اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا، لیکن حیدر صرف 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد حیسن طلعت بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 15 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔
افتخار احمد بھی صرف چار رنز بنا پائے اور فورٹون کا نشانہ بنے۔ خوشدل شاہ بھی 12 رنز ہی بنا پائے اور سمپالا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
جبکہ فہیم اشرف چار رنز بنا کر فیلوکواو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے